محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے سولجر بازار میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش کی سولجر بازار میں خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون کے دہشتگرد سید موسی رضوی عرف کامران کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشتگرد متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی چوہدری صفدرکے مطابق ملزم گرفتاری کے ڈر سے کافی عرصہ سے روپوش تھا، موسی رضوی نے دوران تفتیش کئی قتل اور اقدام قتل کا انکشاف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ ملزم نے 5 ستمبر2023 کو تیموریہ میں قاری خرم کو قتل کیا، فائرنگ سے مدنی اور نوید خان بھی زخمی ہوئے تھے، 26نومبر 2023 کو سچل کے علاقے میں جنت گل کو فائرنگ کرکے زخمی کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے 20 ستمبر 2023کو مبینہ ٹاون میں شیر خان کو قتل کیا، 13 نومبر 2023 کو ثمن آباد میں فائرنگ کرکے ابو ہاشم کو قتل کروایا، ملزم زینبیون بریگیڈ کا انتہائی اہم رکن ہے۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے کہا کہ موسی رضوی فرقہ واریت کی مختلف کاررائیو میں بلواسطہ بلاواسطہ ملوث رہا ہے، گرفتار دہشتگرد کو تنظیم سے باقاعدہ فنڈنگ کی جاتی ہے، ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی میں ٹیررفنانسنگ اور دیگر مقدمات زیرتفتیش تھے گرفتار ملزم سے مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔