کراچی میں ساؤتھ پولیس نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی نشاندہی پر مبینہ مقابلے کے دوران عید کے روز شہری عامر سلطان کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمر اور آصف شامل ہیں ملزمان نے عید کے روز ڈیفنس میں شہری سے چھینا جھپٹی کی تھی مزاحمت پر بیٹے کے سامنے شہری عامر سلطان کو قتل کردیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عمر نے عامر سلطان سے سامان چھینا تھا، عمر اور عامر سلطان کافی دیر تک گتھم گتھا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم آصف اپنے ساتھیوں کو بیک اپ کور دے رہا تھا جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش جاری ہے، ملزمان کو رات پانچ بجے ڈیفنس سی ار پٹہ عائشہ مسجد کے قریب گرفتار کیا گیا گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ عید کے تیسرے روز ڈیفنس تھانے کی حدود ڈیفنس فیز ون طوبیٰ مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے معصوم بچے کے سامنے اس کے والد کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے، مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 35 سالہ عامر سلطان ولد سلطان کے نام سے ہوئی تھی۔
پولیس کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ مقتول عامر اپنی فیملی کے ہمراہ کسی دعوت میں حیدر آباد جا رہا تھا، واقعہ کے وقت وہ گھر کے باہر اپنے معصوم بیٹے کے ساتھ گاڑی چیک کر رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو ملزمان آئے اور اس سے لوٹ مار کی کوشش کی۔