کراچی : مکان کی کھدائی کے دوران انسانی باقیات برآمد ہوئیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ ہڈیوں کا ڈھانچہ مبینہ طور پر خاتون کا ہے، لاش کوچادر میں لپیٹ کر دفن کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی فقیر کالونی میں مکان کی کھدائی کے دوران انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ ہڈیوں کا ڈھانچہ مبینہ طور پر خاتون کا ہے، مکان مالک عظیم نے ایک سال قبل گھر خریدا تھا، تعمیر کےدوران کمرے کی کھدائی کی تو انسانی ڈھانچہ نکلا۔
حکام کا کہنا تھا کہ سلیم کشمیری نامی شخص سے ایک سال قبل گھر خریداگیا، لاش کوچادر میں لپیٹ کر دفن کیا گیا تھا، لاش کئی سال پرانی معلوم ہوتی ہے۔
پولیس نے بتایاکہ شواہد جمع کرلئے گئے ہیں ، فرانزک ٹیم نے ڈی این اے کیلئے سیمل لے لیا ہے ڈی این اےرپورٹ آنےکےبعد ڈیٹابیس سےمیچ کیاجائےگا اور مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اگرکسی میسنگ کا ڈیٹا میچ ہوا تھا تو شناخت ہوسکے گی ، رپورٹ پندرہ سےبیس دن کے اندر موصول ہوجاتی ہے، گزشتہ روز شہری نے مکان تعمیر کروانے کے لیے کھدائی کروائی تھی ، کھدائی کےدوران انسانی باقیات برآمد ہوئی تھی۔