کراچی:گلشن اقبال کے اسپتال میں رائفل سے غفلت سے گولی چلانے والے کم عمر گارڈ نے حراست کے دوران ابتدائی بیان میں اہم انکشاف کیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ کے قریب اسپتال کے اندر سیکیورٹی گارڈ کی اتفاقیہ گولی لگنے سے ٹنڈو آدم سے تیماداری کے لیے آنے والا شخص گلزار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق سیکیورٹی گارڈ زبیر کی عمر 18سال ہے، ملزم زبیر 10 روز قبل سیکیورٹی گارڈ میں بھرتی ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار سیکیورٹی گارڈ نے انکشاف کیا اسے اسلحہ چلانا نہیں آتا، گارڈ کے مطابق نوکری پر رکھنے سے پہلے کوئی ٹریننگ نہیں دی گئی۔
تیماردار اسپتال گارڈ کی اتفاقیہ گولی سے جاں بحق
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کم عمر غیر تربیت یافتہ ملزم زبیرکو 30 بور رائفل تھمادی گئی تھی، گرفتار ملزم کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزم کے مطابق وہ بینچ پر بیٹھا تھا کہ رائفل کابٹن دب گیا، دوسری بینچ پر مریض کو لانے والا شخص گلزار سو رہا تھا، گولی گلزار کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوا مگر جانبرنہ ہو سکا۔