جمعرات, جون 5, 2025
اشتہار

رشتے طے کروانے کا جھانسہ دے کر خواتین کو اغوا اور فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

رشتے طے کروانے کا جھانسہ دے کر معصوم خواتین کو اغواء اور فروخت کرنے والا پانچ رکنی گروہ کراچی ڈسٹرکٹ کورنگی کے زمان ٹاون میں پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق مبینہ اغواء کار لڑکیوں کو سندھ بلوچستان اور پنجاب میں فروخت کرتے تھے ملزمان نے کراچی کی 30 سے زائد لڑکیوں کو فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق گروہ کے سرغنہ نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فروخت سے پہلے لڑکیوں کی درجے بندی کرکے قیمت طے کی جاتی تھی، یعنی غیر شادی شدہ لڑکی، بیوہ اور نشئی خاتون کو الگ الگ دام میں فروخت کیا جاتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ سب سے کم قیمت نشئی خواتین کی لگائی جاتی ہے، جنہیں فروخت کرنے سے پہلے نہلا دھلا کر کپڑے تک تبدیل کروائے جاتے تھے، ملزمان ایک لڑکی کو 1 لاکھ 80 ہزار سے 4 لاکھ تک میں فروخت کرتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کی تصویر کھینچ کر گروہ کی خاتون ممبر سہولت کاروں کو بھیجتی تھیں، گروہ کی خواتین لڑکیوں کو رشتہ طے کر وانے کا جھانسہ دے کر ساتھ لے جاتیں اور انہیں اغوا کے بعد فروخت کردیا جاتا تھا۔

بازیاب ہونے والی ایک خاتون کے مطابق وہ چار بچوں کی ماں تھی جس کا شوہر نہیں تھا اسے شادی کے بہانے پہلے بھینس کالونی لے جاکر بے ہوش کردیا گیا اس کے بعد رحیم یار خان لے جا کر 4 لاکھ میں فروخت کردیا گیا جس شخص کے حوالے کیا گیا وہ روزانہ زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔

خاتون کے مطابق اس نے کسی طرح اپنے گھر والوں سے رابطہ کیا تو وہ رحیم یار خان پہنچے 40 ہزار کیش اور دو موبائل فون دے کر اسے چھڑوایا اور کراچی لے کر پہنچے، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں