جمعرات, جولائی 4, 2024
اشتہار

پورے ملک کو پالنے والا کراچی تباہ حال

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی جو سب سے زیادہ ٹیکس دے کر پورے ملک کو پالتا ہے مگر سب کا بن جانے والا یہ شہر تباہ حال ہو چکا ہے۔

کراچی سب کا ہے مگر اس شہر پرسان حال کا کوئی نہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کہلانے والا اور بانی پاکستان کی جائے پیدائش سے آخری آرام گاہ کی نسبت کے سبب شہر قائد سے مشہور یہ شہر سب سے زیادہ ٹیکس دے کر ملک کو پالتا ہے، لیکن یہی کراچی عدم توجہی کے باعث تباہ حال ہو چکا ہے۔

کراچی سب کا ہے مگر اس شہر کا کوئی نہیں بن پاتا۔ حکمراں سمیت اپنا شہر کہنے والے بھی اس کی تباہی کو روک نہیں پا رہے۔ بجلی ہے نہ پانی، جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر شہریوں کو منہ چڑاتے ہیں۔ نکاسی آب کو کوئی نظام موجود نہیں۔ بارش ہو جائے بارش ہو جائے تو پورا شہر دریا کا منظر پیش کرتا ہے۔ ان سب سے بچ جائیں تو اسٹریٹ کرمنلز سے کیسے جان بچائیں اور یہی ہی ملک کے اس سب سے بڑے شہر کراچی کی کہانی۔

- Advertisement -

پانی اور بجلی کا بحران بن چکا ہے کراچی کی پہچان۔ ٹوٹی سڑکیں اوران پر پڑے بڑے بڑے گڑھے گاڑیوں اور انسانوں کے لیے بن چکے ہیں وبال جان۔

شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش شہریوں پر غضب ڈھاتی ہے۔ دن ہو یا رات، کوئی پہر ایسا نہیں جب لوڈشیڈنگ نہ ہو، روز روز احتجاج کرنا شہریوں کا مقدر بن گیا ہے، مگر کے ای کے بے حس حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ جاری شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش نے کراچی والوں کو ایسا مارا کے درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ لیکن ذمے داری لینے کو کوئی تیار نہیں۔

شہر قائد میں پینے کے پانی کی با آسانی فراہمی ایک خواب بن چکی ہے، کئی کئی روز تک پانی نہ آنا معمول، پانی کی تلاش میں شہری خوار ہوتے ہیں جب کہ ملی بھگت سے شہر بھر میں ٹینکر مافیا کا ایسا راج قائم ہوچکا ہے کہ شہری اپنے ہی حصے کا پانی مہنگے داموں خرید کر پینے پر مجبور ہیں۔

ان سب سے بچ جائیں تو اسٹریٹ کرمنلز آپ کی حق حلال کی کمائی میں دھڑلے سے اپنا حصہ لینے آ جاتے ہیں۔۔ ان کو بھی بھتہ دینا شہریوں کی مجبوری بن گیا، ذرا سی مزاحمت پر ڈاکو جان لے لیتے ہیں لیکن حکمران رسمی بیانات دے کر غفلت کی نیند سوئے رہتے ہیں۔

 

حکمرانوں کی کراچی سےعدم دلچسپی اور ٹاؤن پلاننگ کی کمی نے منی پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے اور کراچی کی اس حالت زار پر شہری یہ کہنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ کہتے ہیں کہ آخراس شہر کا کوئی پرسان حال اور رکھوالا بھی ہے یا نہیں۔ وہ یہ بھی سوال کرتے ہیں کہ کراچی سب کا مگر کراچی کا کون؟ پورے ملک کی بھوک مٹانے والا شہر لاوارث کیوں؟

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں