کراچی: مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی پسٹل چلانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی ایم 4 رائفل گھر پر چھاپے کے دوران برآمد کی گئی تھی، 2 ایم 4 رائفل دکھائی جاتی ہیں، دکاندار کو بار کوڈ لگے ہونے کا کہتے سنا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ایک شخص کہتا ہے کامران صاحب آپ کی جینوئن ایم 4 کلر ہوگئی ہیں۔
ملزم ارمغان سے تفتیش میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ بنگلے میں موجود جدید اسلحہ کامران قریشی نے خرید کر ارمغان کو دیا تھا، خریداری کی فوٹیجز بھی پولیس کو مل گئی ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق جب ڈیفنس کے بنگلے پر چھاپا مارا گیا تھا تو اس دوران اے وی سی سی پر شدید فائرنگ کی گئی تھی، جس میں ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے تھے، پولیس پر حملے میں استعمال یہ اسلحہ کامران قریشی نے خریدا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کیس کے ملزم ارمغان سے تحقیقات میں مزید اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ ارمغان کے گھر سے ملنے والے کئی ہتھیار پشاور سے خریدے گئے تھے، کامران قریشی نے ہتھیار خرید کر ارمغان کو دیے تھے، اسلحہ خریدتے وقت کی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں، کئی فوٹیجز ملزم کے موبائل فون سے ملی ہیں۔
واضح رہے کہ آج ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر بمقام اسٹریٹ 7، بنگلا نمبر 35، خیابان مومن فیز 5، گزری کراچی میں کارروائی کر کے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت کامران اصغر قریشی کے نام سے ہوئی جو مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد ہیں، گرفتار ملزم کے قبضہ سے 200 گرام آئس اور ایک 9ایم ایم پسٹل مع 2 میگزین اور 10 گولیاں برآمد ہوئی۔