کراچی : بیٹے کو اغواء کرکے اپنے سسرال والوں سے تاوان کا مطالبہ کرنے والا ملزم پکڑ اگیا، ملیر اور کورنگی میں پولیس و رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کرکے مشکوک اور مشتبہ افراد کے گھروں کی مکمل تلاشی لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری سے ڈیڑھ سالہ بچے کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے بچے کے اغوا میں ملوث اس کے والد جاوید کو گرفتار کرلیا، ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات مغوی بچے کی والدہ نے اغواء کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹیکنیکل بنیاد پر ملزم کو گرفتار کر کے بچے کو بازیاب کرالیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جاوید اغواء کا ڈرامہ کرکے بیوی کے گھر والوں سے رقم وصول کرنا چاہتا تھا۔
کورنگی اور ملیر میں پولیس ورینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن
علاوہ ازیں کراچی کے علاقوں کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ملیر میں پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کی کھوج میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، مذکورہ سرچ آپریشن ملیر سٹی اور بن قاسم کے اطراف میں کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیئے گئے، پولیس نے مشکوک اور مشتبہ افراد اور ان کے گھروں کی مکمل تلاشی لی۔
اس کے علاوہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی پولیس اور رینجرز کا سرچ آپریشن کیا گیا، آخری اطلاعات تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔