کراچی کنگز کے حسن علی کا پی ایس ایل میں اب تک کا سفر شاندار رہا ہے، وہ ایمرجنگ کیٹیگری کے پلیئر سے لیڈنگ وکٹ ٹیکر بن چکے ہیں۔
کراچی کنگز کے نائب کپتان اور قومی فاسٹ بولر حسن علی نے 2016 میں پی ایس ایل میں بطور ایمرجنگ کیٹیگری پلیئر شرکت کی تھی، تاہم اب 9 سال گزرنے کے بعد وہ پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن چکے ہیں۔
حسن علی پی ایس ایل 10 میں بھی اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، کراچی کنگز کے نائپ کپتان 6 میچز میں 13 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، دوسرے نمبر 12 وکٹوں کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر ہیں۔
کراچی کنگز کے نائب کپتان نے کہا کہ میں اپنی پرفارمنس سے کافی مطمئن ہوں اور میں بطور وکٹ ٹیکر لیڈ کررہا ہوں، جب آپ اپنی ٹیم کےلیے وکٹ لیتے ہیں تو ہمیشہ ہی اچھا محسوس کرتے ہیں۔
حسن علی نے کہا کہ میرا بھی یہی ہے کہ میں نمبر ون چل رہا ہوں، میں نے اپنی بولنگ میں کوئی بہت بڑی تبدیلیاں نہیں کیں، میں نے اپنی بنیادوں چیزوں کو دوبارہ سے بہتر کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ خصوصی طور پر میں نے اپنی فٹنس اور ڈائٹ پر دھیان دیا ہے اور یہی چیزیں ابھی میرے کام آرہی ہیں، میرے اوپر ایک ذمہ داری ہے اور میں اس ذمہ داری سے بہت لطف اندوز ہورہا ہوں۔
حسن علی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پی ایس ایل کی سب سے بڑی فرنچائز میں سے ایک کا میں نائب کپتان ہوں، جب آپ کو ٹیم میں کوئی ذمہ داری یا عہدہ ملتا ہے تو آپ اعتماد بھی ملتا ہے۔
قومی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ نائب کپتان کی حیثیت سے زیادہ اعتماد مل رہا ہے جس سے بولنگ میں بھی مدد مل رہی ہے۔
ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرائوڈ کی موجودگی میں میچ کھیلیں اور قذافی اسٹیڈیم ہمیشہ ہی بھرا رہتا ہے، یہاں لاہور کے خلاف میچ ہوگا اور ہم چاہیں گے کہ جو تماشائی آئیں ہم انھیں اپنی مہارت کے ساتھ تفریح فراہم کریں۔
حسن علی نے کس کے کہنے پر لمبے بال رکھے؟ فاسٹ بولر نے راز سے پردہ اٹھا دیا