کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کے دوران شہر قائد کو کرکٹ سٹی قرار دیا جائے گا جس کے تحت مختلف علاقوں میں بڑی اسکرینز نصب کی جائیں گی تاکہ شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک اور اے آو وائی ڈیجیٹل کے سی ای او سلمان اقبال کی سیکریٹری داخلہ سندھ کبیر قاضی اور کمشنر کراچی افتخار شلوانی سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان سپرلیگ کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کراچی کنگز شہر قائد کی نہیں بلکہ پورے ملک کی فیورٹ ٹیم بن گئی، پی ایس ایل فور میں ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
اس موقع پر سیکریٹری داخلہ سندھ کبیر قاضی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی جبکہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعلی سندھ استقبالیہ بھی دیں گے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے پی ایس ایل کے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کردیا
کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کے دوران کراچی کو کرکٹ سٹی قرار دیا جائے گا، شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرینز لگانے کا انتظام کیا جائے گا‘۔
دوسری جانب ملٹی نیشنل کمپنی کانٹی نینٹل بسکٹس لمیٹڈ نے کراچی کنگز کے ساتھ معاہدہ طے کیا، جس کے تحت پی ایس ایل فور میں سی بی ایل کا معروف پروڈکٹ ٹک بسکٹ کراچی کنگز کا ٹائی ٹینیئم اسپانسر ہوگا۔
اس موقع پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ملٹی نیشنل کمپنی کی آمد سے پی ایس ایل ایک بڑا برانڈ بن جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل فور کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سے ہوگا جو 17 مارچ تک جاری رہے گا، پاکستان سپر لیگ کے آغاز کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے شائقین کا جوش و جذبہ بڑھتا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفیشلز کا اعلان کردیا
پی ایس ایل فور کے میچز کا انعقاد ابو ظبی، شارجہ اور دبئی میں ہوگا جبکہ آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب سیاسی، شوبز سمیت معروف شخصیات نے کراچی کنگز کے لیے ایونٹ سے قبل نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، کراچی کنگز کی قیادت سیزن فور میں عماد وسیم کریں گے جبکہ امسال صدر کے فرائض کنگ آف سلطان وسیم اکرم انجام دیں گے۔