کراچی میں کورنگی 6 نمبر پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 21 سالہ نوجوان صہیب کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کورنگی نمبر 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے مالک کو قتل کردیا تھا۔
اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتول صہیب کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں، واقعہ کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہے۔
تاہم اب اس ڈکیتی کے دوران کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈکیت کو میڈیکل اسٹور کے باہر آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں ملزمان کو میڈیکل اسٹور کے اندر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، مقتول صہیب کے والد کو بھی میڈیکل اسٹور کی جانب آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واردات کے بعد فرار ہوتے ملزمان کو صہیب نے پکڑنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت ہوتا دیکھ کر ایک ڈاکو نے صہیب پر فائرنگ کردی، گولی لگتے ہی صہیب شدید زخمی ہو کر زمین پر گر گیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ اسپتال منتقلی کے دوران صہیب راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا جسے ڈاکوؤں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔