کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں لمکا شاپ پر 82 ہزار کی رقم لوٹنے والوں کی فوٹیجز سامنے آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد ڈاک خانے کے قریب ڈاکووٴں نے لمکا شاپ لوٹ لی، ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 لٹیرے لمکا شاپ میں داخل ہوئے، لٹیرے نے شاپ میں داخل ہوتے ہوئے مالک سے ہاتھ بھی ملایا۔
دو لٹیرے ہیلمٹ اور دو نے چہروں پر ماسک لگائے ہوئے تھے، لٹیروں نے شاپ میں لوٹ مار کے دوران 2 موبائل فون اور 82 ہزار کی رقم لوٹی، شاپ کے باہر بھی ایک شخص کو لوٹا گیا، جس نے مزاحمت کی تو دو لٹیروں نے اسے گھونسے مارے۔
اس دوران سڑک سے گزرنے والی فیملی شاپ میں لوٹ مار دیکھ کر رک گئی تھی، تاہم لٹیروں کی تنبیہہ پر وہ فوراً آگے بڑھ گئی، لوٹ مار کے بعد لٹیرے اطمینان سے فرار ہو گئے۔
واردات کی ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا
پولیس حکام کہنا ہے کہ واردات کے بعد پولیس نے حاصل ہونے والی فوٹیجز کی مدد سے لٹیروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔