اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

واردات کی ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے ضلع کیماڑی میں قبرستان میں واردات کے دوران ویڈیو وائرل کرنے والے لٹیروں کا پورا گینگ گرفتار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی تھانہ شیرشاہ پولیس نے انتہائی مطلوب 6 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا، لٹیروں نے 4 روز قبل شیرشاہ پراچہ قبرستان میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا تھا۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، ویڈیو میں ملزمان کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

ڈاکوؤں کی شناخت سہیل عرف فقیر نثار چانڈیو، ریاض، محمد زمان، نذیر احمد، شعیب علی اور وزیر علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جنھیں ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے ٹریس کر کے ایس ایچ او تھانہ شیرشاہ، سب انسپکٹر عتیق آفریدی نے ایس آئی محبوب تنولی، ایچ سی واجد و اسٹاف کے ہمراہ مختلف مقامات سے گرفتار کیا۔

ڈاکوؤں کو واردات کی ویڈیو وائرل کرنے کی دیدہ دلیری مہنگی پڑ گئی

ڈاکوؤں کے قبضے سے غیر قانونی 3 پستولیں، چھینی گئیں تین موٹر سائیکلیں اور 12 موبائل فون برآمد ہوئے، ان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلیں موچکو اور بلدیہ سے چھینی گئی تھیں، مذکورہ بالا گینگ کے سرغنہ سہیل عرف نثار چانڈیو نے گزشتہ ماہ گلشن اقبال میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس کانسٹیبل کو بھی زخمی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

فدا حسین جانوری کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی اور اندرون سندھ سیکڑوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، انھیں 12 مقدمات میں مدعیوں کی شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ مزید وارداتوں کے سلسلے میں انھیں انٹروگیٹ کر کے شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں