کراچی : گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی، کے الیکٹرک نے گیس کی عدم فراہمی کا بہانہ کر کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی دعوے اوراعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے، گرمی بڑھتے ہی بجلی کا بحران بھی بڑھ گیا کے الیکٹرک نے گیس کی عدم فراہمی کو جواز بناتے ہوئے کراچی میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا سبب قرار دے دیا۔
نیپرا کی عوامی سماعت کے باوجود شہر قائد میں کے الیکٹرک کی دیدہ دلیری جاری ہے، شہر بھر میں دوبارہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا گیا، مستثنیٰ علاقوں کے صارفین کو ایک بار پھر کےالیکٹرک کے لوڈ شیڈنگ کے پیغامات بھیج دیئے گئے۔
اضافی گیس ملنے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں کی گئی جبکہ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس بند کرکے کےالیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کی گئی۔
سی ای او کے الیکٹرک نے جمعہ کی شام سے فرنس آئل پہنچنے کی تصدیق بھی کی تھی، نیپرا عوامی سماعت میں فرنس آئل کی دستیابی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
کے الیکٹرک نے اپنا دہرا میعار برقرار رکھتے ہوئے فرنس آئل ملنے کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کا عمل جاری رکھا ہو اہے، ہلکی بارش کے بعد بہانے بہانے سے حفاظتی اقدامات کے نام پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کو بجلی کی فراہمی کے ذمے دار ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری والے علاقوں میں پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوری والے علاقوں میں فالٹس کی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔