اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کرلیا ، جس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرا مرحلے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں سندھ حکومت کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا، سندھ حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط لکھا گیا ہے جس میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں کہا ہے کہ اسٹیٹک ڈیوٹی کے لئے فوج اور ریجرز بھی دستیاب نہیں، سندھ آئی جی پولیس نے بھی ملتوی کرنے کی تجویز دی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کراچی اجلاس کی تفصیلات کمیشن کو بھجوا دی ہیں، اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی آرا جا جائزہ لیا جائے گا.
خیال رہے کراچی اور حیدرآباد بلدیاتی الیکشن پر سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو 2 خط لکھ چکی ہے ، جس میں کہا گیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ کو سنجیدگی سے لیاجائے۔
خط میں درخواست کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن صوبائی حکومت اور اداروں کی رپورٹ پر فیصلہ کرے اور الیکشن کا فیصلہ کرتے وقت عوام کے جان و مال کی حفاظت کو ترجیح دی جائے، بلدیاتی الیکشن کےدوران گلی گلی میں امن و امان کا مسئلہ رہتا ہے۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلدیاتی انتخابات15جنوری کوہی ہوں گے۔