بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز خونی پولیس مقابلے کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز پر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر، سعود آباد میں گزشتہ روز 4 مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ سنسنی خیز اور خونی پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں (یہ فوٹیجز بچے اور کمزور دل افراد نہ دیکھیں)۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں چار ڈاکو مارے گئے تھے، پولیس کے مطابق مسلح افراد سعود آباد کی ایک گلی میں واردات کے لیے پہنچے ہی تھے کہ علاقے میں تعینات سادہ لباس پولیس اہلکار بھی ان کے پیچھے پہنچ گئے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کاروں کے پہنچنے پر کالے شلوار قمیض میں ملبوس ایک مشتبہ مسلح شخص اہل کاروں پر گولیاں چلاتا ہوا دوسری گلی میں بھاگا، جہاں اس کے دیگر ساتھی موجود تھے۔

پہلے مسلح شخص کے پیچھے ہی جب دوسرا مشتبہ شخص موٹر سائیکل پر گلی سے فرار ہونے لگا، تو پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہو کر موٹر سائیکل سمیت گر گیا، جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا۔

اس دوران جب اطلاع ملی تو مدد کے لیے سعود آباد تھانے سے اضافی نفری بھی مقابلے کے مقام پر پہنچ گئی، اور بھاگنے والے مسلح شخص سمیت تین افراد مقابلے کے دوران دوسری گلی ہی میں مارے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ مسلح افراد سے 32 موبائل فونز ملے تھے، جو وارداتوں میں شہریوں سے چھینے گئے تھے، اور ان میں سے 15 موبائل فونز کے مقدمات بھی درج ہیں، پولیس حکام کے مطابق مارے گئے مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جا رہی ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں