کراچی : لیاری کے بینک میں دوملزمان شہری کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ایک لاکھ 95 ہزار روپے لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری چاکیواڑہ نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جہاں شہری کے رقم ڈپازٹ سے قبل ملزم آنکھوں کے سامنے پیسے لے اڑا۔
مبینہ ایرانی گروہ کی جانب سے بینک کے اندر واردات کی گئی اور رقم ہاتھ آتے ہی دونوں ملزمان دوڑتے ہوئے بینک سے نکلے ، ملزم نے جلدی سے موٹرسائیکل نکالی ساتھی کو لیا اور اڑنچھو ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان کو بینک میں دیکھا جاسکتا ہے ،جہاں ملزمان کیش کاونٹر پر شکار آنے کا انتظار کرتے رہے۔
شہری کے آتے ہی ایک ملزم آگے آیا اور کشئیر سے کھلا مانگا جبکہ دوسرے ملزم نے لٹنے والے شہری سے شعبدہ بازی کے ذریعے رقم نکالی۔
کوٹ پہنے ملزم کو رقم لے کر تیزی سے کوٹ میں رکھتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ لٹنے والا شہری آخری وقت تک نا سمجھ سکا کہ سب کچھ کیسے ہوا۔