کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پرنسپل پیسے لے کر نقل کرواتے ہوئے پکڑی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے تعمیر ملت گورنمنٹ اسکول میں ڈائریکٹر اسکولز نے اچانک دورہ کیا اس دوران ہیڈ مسٹریس، سینٹر کی سپرنٹنڈنٹ طاہرہ نقل کروارہی تھیں۔
ڈائریکٹر اسکولز کا کہنا ہے کہ امتحانی مرکز میں پرائیویٹ عملہ تعینات تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نقل کے پیسے وصول کیے جارہے تھے، فوری طور پر عملے کو تبدیل کردیا گیا ہے، ہیڈ مسٹریس کے خلاف کارروائی کے لیے سیکریٹری کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
ادھر لیاری گورنمنٹ گرلز اسکول کے امتحانی سینٹر سے پنکھے چوری کرلیے گئے۔
لیاری کے امتحانی مرکز میں پنکھے غائب ہونے سے طلبا گرمی میں بے حال ہیں جبکہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں چوری کے واقعات پہلے بھی کئی بار ہوچکے ہیں۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ چوری کی روک تھام کے لیے رینجرز کی چوکی قائم کی جائے۔
کراچی کے دیگر امتحانی مراکز میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال برقرار ہے اور طلبا گرمی میں پرچے دینے پر مجبور ہیں۔