کراچی کے علاقے کلفٹن کے بنگلے میں کام کرنے والی ماسی شہناز کے بیٹے کو 5 کروڑ روپے چوری کے مقدمہ میں ضمانت مل گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے گزشتہ دنوں کراچی کے پوش علاقے کلفٹن خیابان تنظیم کے ایک بنگلے میں کام کرنے والی ملازمہ (ماسی) شہناز اور اس کے بیٹے آصف کو چوری کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر اپنے مالکان کے پانچ کروڑ روپے چوری کرنے کا الزام ہے۔
چوری کے پیسوں پر شاہانہ زندگی گزارنے والی گھریلو ملزمہ شہناز اور اس کے بیٹے آصف نے گرفتاری کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی اور عدالت نے گزشتہ روز دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ ایک دن کے لیے محفوظ کر لیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نےملزم فہد کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو ضمانت کے عوض ایک لاکھ روپے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق اس کیس کی مرکزی ملزمہ شہناز سے جیل میں تفتیش کی گئی اور ملزمہ نے تقریباً 45 لاکھ روپے کی معلومات فراہم کیں۔
اس کے علاوہ ملزمہ نے 3 فلیٹ، ایک دکان، 4 گاڑیوں، 4 موٹر سائیکلوں کی معلومات دیں۔ تاہم چوری کی رقم سے خریدی گئی 2 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں تاحال برآمد نہیں ہو سکی ہیں۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ ملزمہ نے پنجاب میں بھی ایک پراپرٹی خریدی جہاں اس کے ملازم اور رشتہ دار رہتے ہیں۔ ملزمہ کے قبضہ سے 5 لاکھ 75 ہزار روپے نقد بھی برآمد ہوئے اور اس کے بینک اکاؤنٹس سے 37 لاکھ 40 یزار روپے برآمد کیے جا چکے ہیں۔
کلفٹن کے بنگلے میں کام کرنے والی ماسی شہناز، اس کے بیٹے آصف اور ملازم حماد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ شہناز نے جن مالکان کے 5 کروڑ روپے چرائے، وہاں وہ 15 سال سے کام کر رہی تھی۔ اس دوران ماسی نے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم مالکان کی چوری کی۔
شہناز اس چوری کیے گئے پیسے سے شاہانہ زندگی گزار رہی تھی اور کراچی سمیت دیگر علاقوں میں جائیدادیں، گاڑیاں خرید لی تھیں۔ برانڈڈ کپڑے پہنتی تھی۔ تاہم ایک نامعلوم کال نے اس کی چوری کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
پولیس کے مطابق گھر کے مالک کو لندن میں نامعلوم نمبر سے کال کی گئی۔ نامعلوم شخص نے بتایا ان کی ملازمہ پیسے چوری کر کے جائیدادیں بنا رہی ہے۔
کراچی میں لگژری لائف گزارنے والی ‘کروڑ پتی ماسی’ کے حوالے سے ہوشربا انکشافات
مالک کی اہلیہ نے اکاؤنٹنٹ سے پوچھا توپتہ چلا پانچ کروڑ روپے کم ہیں۔ پولیس نے پہلے ملزمہ کے بیٹے اور شریک مجرم آصف کو گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر اس کی ماں شہناز کو پکڑا۔ شہناز نے ایک ملازم حماد بھی رکھا ہوا تھا پولیس نے اس کو بھی شامل تفتیش کرتے ہوئے حراست میں لے لیا تھا۔