جمعہ, اپریل 4, 2025
اشتہار

کراچی : شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث انتہائی مطلوب جعلی پولیس افسر اور جعلی اہلکار گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث انتہائی مطلوب جعلی پولیس افسر اور جعلی اہلکار کو گرفتار کرلیا، ملزمان اہم سرکاری ادارے کے ملازمین سمیت کئی شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال پولیس نے گلشن بلاک 4 میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث انتہائی مطلوب جعلی پولیس افسر اور جعلی اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے بتایا کہ ملزمان میں جعلی پولیس افسر بلاول خلجی اورجعلی اہلکار وقاص شامل ہیں ، جو پولیس اہلکار صحافی جج کے بھائی سول ایوی ایشن کے ملازم اور اہم سرکاری ادارے کے ملازمین سمیت کئی شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ ملزمان غیر اخلاقی ویب سائٹ پر پہلے اپنے شکار سے دوستی کرتے تھے پھر ان سے ملنے کے لیے جاتے تو شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کرکے لاکھوں روپے تاوان وصول کرتے تھے۔

فرخ رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان کے موبائل فون سے مغویوں کی ہتھکڑی لگی متعدد ویڈیوز بھی ملی ہیں، ملزمان مغویوں کو کئی گھنٹے کار میں گھماتے بدترین تشدد کرتے اور اے ٹی ایم کارڈ بھی خالی کردیتے تھے اور مغوی کے گھر کا قیمتی سامان تک گاڑی میں ڈال کر لے جاتے تھے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول 20 بیگ، پولیس یونیفارم ، متعدد پولیس کے بیجز، جدید ہتھکڑی 8 موبائل فونز جعلی بلٹ پروف جیکٹ، گاڑی، متعدد گھڑیاں مختلف موبائلز کے پاوچ اور جدید ترین بڑی ایل سی ڈی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ گروہ سرغنہ بلاول خلجی کا تعلق رحیم یار خان سے ہے جو کراچی میں گلشن کا رہائشی بھی ہے، گرفتار ملزم بلاول خلجی کے خلاف رحیم یار خان اور کراچی میں 5 مقدمات درج ہیں تاہم گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں