جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

موٹر سائیکل چور نے شرمناک حرکت کر ڈالی، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: موٹر سائیکل چوری کے واقعات سے بری طرح متاثر شہر قائد میں ایک لفٹر نے موٹر سائیکل چرانے کے لیے شرمناک حرکت کر ڈالی، واردات کے لیے اس نے بچے کا سہارا لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں نئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے خصوصی احکامات کے باوجود شہر میں وارداتوں کی کمی نہیں آئی ہے۔

تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 4 میں ایک گھر کے باہر سے چور نے موٹر سائیکل چرائی، لیکن واردات کے لیے اس نے کم عمر بچے کا سہارا لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بارہ تیرہ سال کا پینٹ شرٹ میں ملبوس لڑکا واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔

دوران ڈکیتی اجتماعی زیادتی کرنے والے ڈاکوؤں کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

اے آر وائی نیوز کو موصول واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شلوار قمیض میں ملبوس چور کو سکون سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے بچے، جو امکانی طور پر اس کا بیٹا ہو سکتا ہے، کو چند قدم کے فاصلے پر ایک کار کے پیچھے بٹھا رکھا تھا۔

موٹر سائیکل لفٹر نے واردات کے دوران پہلے گھر کے سامنے آس پاس کا جائزہ لیا، گھر کے اندر سے آوازیں سننے کی کوشش کی، اور پھر اطمینان سے آگے بیٹھ کر موٹر سائیکل کو اَن لاک کر دیا۔

بے رحم باپ کے ہاتھوں معصوم بیٹی کی پٹائی، ویڈیو وائرل (حساس دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

فوٹیج کے مطابق چور موٹر سائیکل کو ان لاک کرنے کے بعد کار کے پیچھے گیا اور بچے کو بلایا، واپس موٹر سائیکل کی طرف آتے ہوئے چور نے ایک بازو سے منہ چھپانے کی بھی کوشش کی، ادھر ادھر دیکھا اور موٹر سائیکل پر بیٹھ گیا، ایک بڑا شاپنگ بیگ کندھے سے لٹکائے بچہ بھی پیچھے بیٹھ گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری نے موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، ممکنہ طور پر ملزم نے بچے کو اس لیے ساتھ رکھا تاکہ کوئی اس پر شک نہ کرے، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں