کراچی کے علاقے محکمہ موسمیات میں ہونے والا پراسرار دھماکا تفتیشی اداروں کے لیے معمہ بن گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے محکمہ موسمیات میں دکان میں ایگزاسٹ فین کی موجودگی نے گیس بھرنے کے امکانات پر سوال اٹھادئیے، واضح رہے کہ دھماکے میں ماں اپنے دو بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے پولیس سے ڈی وی آر سمیت تمام شواہد تحویل میں لے لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دکان کا عملہ گزشتہ شب ایک بجکر 45 منٹ پر نکلا تھا، دکان میں تین سلنڈر اور دو اوون سمیت دیگر سامان موجود تھا، 2 سلنڈرز مکمل خالی اور ایک میں کچھ گیس موجود تھی، دھماکے کے بعد تینوں سلنڈر اور دونوں اوون درست حالت میں ملے۔
مزید پڑھیں: کراچی: سلنڈر کی دکان میں دھماکا، دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق
گیس والے سلنڈر کا ریگولیٹر لاک تھا اور اس میں گیس موجود تھی، دکان میں ایگزاسٹ فین پانی کی ٹنکی کے قریب لگایا گیا تھا، جس دیوار پر فین لگا تھا وہ دھماکے سے بکھر گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت کے الیکٹرک کی گاڑی کسی فالٹ کو دور کرنے کے لیے موجود نہیں تھی بلکہ قریب موجود دکان پر بیٹری چیک کرارہی تھی۔
سی ٹی ڈی حکام گیس دھماکے کے لیے درکار ماحول کی موجودگی کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا، دلخراش واقعے میں ماں اپنے دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھیں۔