کراچی کی صدر موبائل مارکیٹ کے تاجر کو پارکنگ مافیا کے کارندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے درجن سے زائد افراد نے تاجر کو گھیر کر بدترین تشدد کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی صدر موبائل مارکیٹ پر پارکنگ مافیا کارندوں کی گنڈا گردی کا واقعہ پیش آیا ہے، پارکنگ مافیا کے درجن سے زائد افراد نے تاجر کو گھیر کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جس سے تاجر اسامہ کی آنکھوں، سر اور دیگر حصوں پر چوٹیں آئی۔
زخمی تاجر کو فوری طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔
تاجر رہنما کا کہنا ہے کہ دکاندار نے اپنی دکان کے سامنے بائیک پارک کی تھی، دکانداروں کی پارکنگ فری ہے پھر بھی اسامہ نے 100 روپے دیے، پارکنگ مافیا کارندوں نے کہا اتنی دیر ہوگئی ہے مزید پیسے دو۔
تاجر رہنما منہاج گلفام نے مزید بتایا کہ تلخ کلامی ہوئی اور تاجر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پارکنگ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔