کراچی: شہرقائد میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسے کے پیش نظر طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کی مرمت کا کام اچانک شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے کراچی کے علاقے خداداد کالونی سے نمائش جانے والی سڑک کی اچانک مرمت شروع کردی گئی، متعلقہ اداروں کا عملہ متاثرہ سڑک کو بہتر کرنے میں مصروف عمل ہے۔
شہریوں نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک طویل عرصے سے متاثر رہی لیکن کسی نے کوئی اقدامات نہیں کیے اور اب جلسہ ہے تو سڑک ٹھیک کی جارہی ہے کیوں کہ شرکا کو یہاں سے گزرنا ہوگا۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ انتظامیہ اپنے مفادات کے لیے سڑک کی مرمت کررہی ہے اگر شہریوں کا خیال ہوتا تو اس پر پہلے ہی کام شروع کردیا جاتا۔
خیال رہے کہ مذکورہ سڑک خراب ہونے کے باعث کئی حادثات بھی پیش آچکے ہیں، علاوہ ازیں شہرکراچی کی ایسی بہت سی سڑکیں ہیں جنہیں مرمت کی ضرورت ہے لیکن صوبائی حکومت کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔