کراچی: ملیر انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس نے مختلف علاقوں میں خواتین کو ہیپناٹائز کر کے لوٹنے والی خواتین کا 6 رکنی گروہ کو پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کے احکامات پر بنائی گئی تفتیشی ٹیم نے چھ رکنی بین الصوبائی ہیپناٹائز گینگ کو گرفتار کرلیا، خواتین کا یہ گینگ گھروں میں خواتین کو لوٹتی تھی۔
ملیر انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، اس 6 رکنی بین الصوبائی گروہ کی سرغنہ صاحبہ عرف حنا ہے، ملزمہ کو 2 متاثرہ فیملیزکی خواتین نے شناخت کرلیا ہے۔
ایس پی عزیز میمن کے مطابق گرفتار خواتین سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد ہوا، یہ گروہ گھروں میں خواتین کو ہیپناٹائز کرکے لوٹ مار کرتا تھا۔
ایس پی عزیر میمن کا کہنا تھا کہ گروہ کیخلاف لاہور، خیرپور، سکھر میں بھی مقدمات درج ہیں، گرفتار خواتین گھروں میں ٹیوشن اور دیگر بہانے سے داخل ہوتی تھیں، گروہ کے فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔