کراچی: پیرآباد پولیس نے کراچی اور لاہور پولیس کو مطلوب ڈکیت گروپ کا سرغنہ گرفتار کرلیا، کورنگی میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی مارا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور اور کراچی پولیس کو مطلوب ڈکیت گروپ کے سرغنہ شاکر عرف ڈان کو پیرآباد پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے کراچی اور لاہور میں کئی وارداتوں کا انکشاف کیا، ملزم نے 2006 میں ایک کلو سے زائد سونے کی ڈکیتی کا انکشاف کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران ڈکیتی پولیس کانسٹیبل کو بھی زخمی کرنے کا اعتراف کیا، ملزم کے دو ساتھی پہلے ہی ڈکیتی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے، ملزم لاہور کے تھانہ نولکھہ کو کوئی مقدمات میں مطلوب ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار
ادھر کورنگی بلال کالونی میں 4 مسلح ڈکیت مرغی کی دکان سے 80 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہورہے تھے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈکیت موقع پر ہی ہلاک جبکہ تین ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے، ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت امتیاز کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں پولیس نے 4 رکنی موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینترل کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 8 موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں، ملزمان جعلی کاغذات بنوا کر موٹرسائیکلیں بلوچستان منتقل کرتے تھے۔