کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان علاقے میں واقع بنگلے میں ڈکیتی کررہے تھے، ملزمان کے زیراستعمال بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
ادھر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے علاقے سٹاگبول گوٹھ میں پولیس مقابلے ہوا جس کے نتیجے میں 3 ملزمان یعقوب، امجد اور شیر ولی کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، چھینا گیا پرس اورنقدی، شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز، مسروقہ موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
کراچی: پولیس کی کارروائی‘ 2 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار
یاد رہے کہ 3 روز قبل کراچی میں سائٹ سپرہائی وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا۔