منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

شہید پولیس اہل کار فیاض نے ڈاکوؤں کو للکارا تھا، واقعے کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کریم آباد میں پولیس اہل کار کی بہادری کے واقعے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عزیز آباد تھانے میں تعینات شہید پولیس اہل کار فیاض خان نے اے ٹی ایم سے نکلنے والے ایک شہری کو لوٹنے والے 2 ڈاکوؤں کو للکار کر روکا تھا لیکن مسلح ڈاکوؤں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔

گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں پولیس اہل کار فیاض کی شہادت کا مقدمہ عزیز آباد تھانے میں شہری احسن کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، یہ مقدمہ قتل، دہشت گردی اور پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت درج کیاگیا۔

ایف آئی آر متن کے مطابق شہری احسن نے بتایا کہ وہ دوستوں کے ساتھ کھانا کھانے حسین آباد آ رہا تھا، کریم آباد کے قریب اے ٹی ایم سے 5 ہزار روپے نکالے، جیسے ہی باہر آیا 2 افراد نے مجھ پر اسلحہ تان لیا۔

واردات کے دوران ڈاکوؤں نے شہری سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور پیسے چھین لیے، شہری کے بیان کے مطابق اس چھینا جھپٹی کے دوران ہی اچانک ایک سادہ لباس شخص آیا اور ڈاکوؤں کو للکارا۔

کراچی، پولیس مقابلے میں ڈاکو مارا گیا، اہلکار شہید

سادہ لباس شخص نے کہا میں پولیس اہل کار ہوں اور ڈاکو پکڑنے کی کوشش کی، لیکن پھر مسلح ملزمان اور سادہ لباس اہل کار نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی، مقابلے کے دوران سادہ لباس اہل کار زخمی اور ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، جب کہ فائرنگ تبادلے کے دوران دوسرا ڈاکو موقع سے پیدل فرار ہوگیا۔

ایف آئی آر متن کے مطابق اسی دوران عزیز آباد تھانے کی موبائل پہنچی جنھوں نے اہل کار فیاض کو شناخت کیا، موبائل افسر قمر عباس کی مدد سے زخمی اہل کار کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں