کراچی کے علاقے گارڈن سے 8 روز قبل مبینہ طور پر اغوا کیے گئے دو بچوں کو پولیس تاحال تلاش نہ کرسکی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن سے اغوا ہونے والے ننھے عالیان اور علی رضا کو 8 روز گزرنے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد بھی پولیس تلاش کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
موٹر سائیکل پر نامعلوم مرد اور خاتون کو بچوں کو چیل چوک لے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
والدین کا کہنا ہے کہ پولیس ہم سے تعاون کررہی ہیں لیکن ملزمان کی جانب سے کوئی فون کال نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 دن سے لگاتار پولیس سے یہی سن رہے ہیں کہ آج آئیں گے کل آئیں گے، ہمیں نہ کسی نے تاوان کے لیے کال کی اور نہ ہی ہمیں کسی پر شک ہے۔
بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ہمیں ہمارے بچے حوالے کرے۔
عالیان کے والد کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں جو شخص نظر آرہا ہے ہم اسے نہیں جانتے، نہ محلے والے اسے جانتے ہیں اگر جانتے ہوتے تو اس کو پکڑلیتے۔
مزید پڑھیں : اتنی سردی میں میرا بچہ نہ جانے کہاں ہوگا؟ گارڈن سے لاپتہ علیان کی والدہ کی دُہائی
علاوہ ازیں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے گارڈن سے 2 بچے لاپتہ ہونے کے واقعے پر کمیٹی بنادی ،ایس ایس پی سٹی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
اسد رضا کا کہنا تھا کہ 5رکنی کمیٹی میں ایس پی انوسٹی گیشن سٹی بھی شامل ہیں ، تفتیشی ٹیم لاپتہ بچوں کی بازیابی پر کام کرے گی۔
انھوں نے بتایا کہ بچوں کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوشش کررہے ہیں ، 3 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بچوں کے لاپتہ اوراغواسےمتعلق سی پی او میں اے آئی جی کی زیرصدارت اجلاس ہوا کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے موجودہ کیسز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے بچوں کی بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات عمل میں لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی تفتیش میں تیزی لائیں اور والدین و متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔