کراچی : پولیس نے اختر کالونی میں بدھ کے روز پولیس مقابلے کے دوران بچی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے بچی پولیس اہلکار کی گولی سے جاں بحق ہوئی، ذمے دار اہلکارکے خلاف کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اخترکالونی کے قریب گزشتہ روز ہونے والے پولیس مقابلے میں معصوم بچی کی موت کی ذمے دار پولیس نکلی، ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے بچی کی موت کا ذمہ دار پولیس کو ٹھہرادیا۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے بچی کی ہلاکت کو ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نتیجہ قرار دیا تھاتاہم اب یہ اعتراف کر لیا گیا ہے کہ بچی کو لگنے والی گولی پولیس اہلکار نے چلائی تھی۔
واقعے کی تحقیقات ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کے سپرد کی گئی تھی، جاوید عالم کا کہنا ہے گولی چلانے والی اہلکارکے خلاف کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ پندرہ اگست کو اختر کالونی کے قریب ڈیفنس ٹریفک سگنل پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں راستے سے گزرتی بچی اور ایک ڈاکو زخمی ہوئے تھے ،جواسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگئے تھے۔