کراچی: شہرِ قائد کی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ جاری کر دی، کراچی پولیس نے ایک ہفتے میں 13 مقابلے کیے جن میں 4 ڈکیت مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کی مجموعی کارکردگی کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں تیرہ پولیس مقابلوں میں چار ڈکیت مار دیے گئے ہیں۔
[bs-quote quote=”چھاپہ مار کارروائیوں میں گزشتہ ایک ہفتے میں 11 جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کیا گیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں میں گزشتہ ایک ہفتے میں 11 جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کیا گیا، جب کہ ان چھاپوں میں 1692 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 4 قاتل، 8 بھتہ خور،21 ڈاکو، 216 منشیات فروش، 126 غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے اور دیگر جرائم میں ملوث 1042 ملزمان شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق 248 مفرور اور 27 مطلوب اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کیے گئے، ملزمان سے 138 پستول، ریوالور، 8 رائفلز،1 ایس ایم جی برآمد ہوئے۔ ملزمان سے 1 ہینڈ گرنیڈ سمیت کل 147 ہتھیار برآمد کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: قائد آباد دھماکےمیں 500 گرام سے زائد بارودی مواد استعمال ہوا
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے قائد آباد میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہو گئے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 500 گرام سے زائد بارودی مواد استعمال ہوا۔
آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹرز دورے کے موقع پر کہا کہ کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کو تقویت دینے کے لیے سیکورٹی کی صورتِ حال کو مزید بہتر بنائیں گے۔