کراچی : پولیس اہلکاروں نے روٹی دیر سے لانے پر ہوٹل عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی جبکہ پولیس کی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ، پولیس اہلکاروں نے روٹی دیر سے لانے پر ہوٹل عملے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ بھی کی۔
جھگڑے کے دوران پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، پولیس فائرنگ کی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے ، جس میں پولس اہلکاروں کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واقعے کے بعد ہوٹل مالک نے پولیس اہلکاروں کیخلاف تھانے میں درخواست جمع کرادی، پولیس فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا۔
یاد رہے گذشتہ سال ایک ایسا ہی واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا ، جہاں پولیس موبائل سے موٹر سائیکل ٹکرانا جرم بن گیا تھا، موبائل پر تعینات اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ، شہری کے مطابق موٹر سائیکل غلطی سے پولیس موائل سے ٹکرائی تھی، جس پر اہلکاروں نے خوب مارا، شہریوں نے بیچ بچاؤ کرانے کی بھی کوشش کی مگر کارگر ثابت نہ ہوئی۔