کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں مارے گئے ڈاکوؤں سے پولیس نے لاکھوں روپے اور سونا برآمد کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں مارے گئے ڈاکو ڈکیتی کے لیے گھر میں گھسے تھے، ملزمان نے بچوں پر پستول رکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں ڈکیتی کے لیے گھر میں گھسنے والے دو ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ پولیس کے پہنچنے پر ڈاکو بچنے کے لیے دوسرے گھر میں کودے تھے اور بچوں کو یرغمال بنایا تھا، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز گرومندر کے قریب فائرنگ سے ہلاکت کا واقعہ ڈکیتی پر مزاحمت کا نکلا تھا، ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والا مقتول حسن عارف اپنی دکان پرموجود تھا کہ اس دوران مسلح ملزمان پہنچے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی جس پر حسن نے مزاحمت کی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک گولی مقتول کے سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
حکام نے کہا کہ واقعے کے وقت ایک ریلی بھی وہاں سے گزر رہی تھی، رواں سال ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 109 ہوگئی۔