کراچی: شہر قائد میں اگست کے مہینے کے دوران مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگست کے مہینے میں مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل فیصل بیس میں سب سے زیادہ بارش 1984 میں 298.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اگست میں اب تک فیصل بیس میں 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق مسرور بیس میں سب سے زیادہ بارش 2007 میں 272 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ رواں ماہ اب تک مسرور بیس میں 228.5 ملی میٹر ریکارڈ ریکارڈ ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں بارش نے تباہی مچادی، سڑکیں تالاب بن گئیں
محکمہ موسمیات کے مطابق ایم او ایس اولڈ ایئرپورٹ میں بارش 1979 میں 262.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، رواں ماہ اب تک ایم او ایس اولڈ ایئرپورٹ پر 168.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئیْ
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ 29 سے 30 اگست کے دوران ایک اور مون سون سسٹم سندھ میں بارش برسا سکتا ہے، بارش کا سبب شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ٹرف(ہوا کا جزوی کم دباؤ) کا دوبارہ سرگرم ہونا ہوگا۔ تاہم کراچی میں نئے سسٹم کے ذریعے بارش کے حوالے سے پیش گوئی قبل از وقت ہے۔