کراچی میں ہونے والی مون سون کی پہلی بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے اور کراچی میں بجلی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوگیا۔
گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ گزشتہ رات سے شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جبکہ شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی، بفرزون میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہوگیا، ناظم آباد،کھارادر اولڈ سٹی ایریا کی گلیوں اور سڑکوں پر سیوریج کا تعفن زدہ پانی پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی بیشتر شاہراہیں کلیئر ہیں کہیں بارش کا پانی نہیں کھڑا، مرتضیٰ وہاب
کراچی میں دوپہر سے گرج چمک کیساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
کراچی میں کل سے اب تک سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟
اس کےعلاوہ قیوم آباد چورنگی کے قریب بھی پانی بھر گیا، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور لوگ تاخیر سے دفاتر پہنچے، چند ماہ قبل بننے والی شارع نور جہاں کی سروس روڈ دھنس گئی۔
ریسکیو 1122 کی ایمبولینس گڑھے میں پھنس گئی، اہلکار نے بتایا کہ ایمبولنس مریض کو اسپتال چھوڑ کر واپس جارہی تھی، ایمبولینس کئی گھنٹے سے خراب سڑک میں پھنسی ہے لیکن خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے 568 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر، گلشن اقبال، انچولی، النور سوسائٹی، نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی، اورنگی ٹاؤن اور کورنگی سمیت کئی علاقوں کی بجلی چلی گئی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارش کی نوید سنادی ہے، شہر میں آج بھی مزید بارش کا امکان ہے، اتوار تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سائٹ ایریا فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 22 سالہ کامران کے نام سے ہوئی ہے، کامران کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔