پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

بارش کا نیا سسٹم داخل، کراچی اور بلوچستان میں‌ ایمرجنسی نافذ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا ہے کہ مغرب سے آنے والا بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، جس کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ بارش کے نئے سسٹم کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد سندھ، بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل سندھ کے شہر لاڑکانہ اور گورک ہل میں موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے بعد گورک ہل میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی 20 جنوری کی رات ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے۔برسات کی پیش گوئی کے پیش نظر ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا جبکہ بلوچستان حکومت نے بھی ہنگامی حالات نافذ کردی۔

مزید پڑھیں: چترال : برفانی تودا گرنے سے 12افراد دب گئے، برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

واٹربورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انجیئنرز، افسران اور مشینری و عملے کو 24 گھنٹے تیار رہنے کی ہدایت جاری کردی۔

دوسری جانب گلگلت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ضلع استور میں ہونے والی برفباری کے باعث راستے بند اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔

دیامیر کا نانگا پربت، بابوسر ٹاپ، فیری میڈوز سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی برفباری کے باعث ان تمام علاقوں کا زمینی رابطہ ایک دوسرے سے منقطع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چلاس شہراورگردونواح میں بھی تیز ہوا کےساتھ بارش ہوئی اور یہ سلسلہ منگل کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ اور مری میں برفباری : چٹانوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خوبصورت مناظر سج گئے

کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، قلات، پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں