کراچی : شہر قائد کے علاقے لیاری میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث ملزم فیضو دادا کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاری کے علی محمد محلے میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران مطلوب ملزم فیضو دادا کو گرفتار کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کا تعلق غفارذکری گروپ سے رہا، ملزم قتل، سیکیورٹی اداروں پرحملوں اور بھتہ خوری میں ملوث رہا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم جون 2007 میں علی محمد محلے میں پولیس پرحملے میں ملوث رہا، جولائی 2007 میں پولیس پرحملہ کرکے کانسٹیبل کو زخمی کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق 2011 میں ملزم نے غفارذکری کی ہدایت پرایک شخص کوقتل کیا، مارچ 2011 میں کچھی رابطہ کمیٹی کے 2 افراد کواغوا اورقتل کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 2007 میں ملزم غفار ذکری کے لیے منشیات کا اڈا چلاتا رہا، 2011 میں ملزم نے گرفتار ی سے بچنےکے لیے جعلی شناختی کارڈ بنوایا۔
سی ٹی ڈی کی کورنگی میں کارروائی‘ رئیس ماما کا قریبی ساتھی گرفتار
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران رئیس ماما کے قریبی ساتھی محمد مذمل عرف ہلکا کو گرفتارکرلیا۔
ایس پی مرتضیٰ بھٹو کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، ملزم 2001 میں یونٹ 74 کورنگی کا کارکن رہ چکا ہے۔