سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ریڈ لائن پر کام جون 2026 تک مکمل ہوجائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کراچی کے مسائل سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پانی کی فراہمی، ٹریفک معاملات پر غور کیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ریڈ لائن میں تاخیر کی وجہ سے شہر کی بڑی آبادی پریشان ہے، جس پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ریڈ لائن پر کام جون 2026 تک مکمل ہوجائے گا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے شہر میں روڈ کٹنگ پر برہمی کا اظہار کیا اور کمشنر کو ہدایت کی کہ کسی ادارے کو روڈ کٹنگ کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کمشنر کراچی کو روڈ کٹنگ پر دفعہ 144 لگانے کے لیے سمری بنانے کی ہدایت کی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ پلوں کے نیچے رکشہ، ٹرک اور ٹرالر کی غیر قانونی پارکنگ ہے، پلوں کے نیچے پلانٹیشن اور لائٹنگ کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو صفائی کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت 12 شاہراہوں کی بحالی اور بیوٹیفکیشن ہوگی، کارساز کے مقام پر روڈ کو چوڑا کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ ٹریفک مسائل پیدا کرنے والے بچت بازار کے این او سی منسوخ کیے جائیں، چیف سیکریٹری نے مومن آباد مین روڈ پر سبزی منڈی لگانے والے ٹاؤن ملازمین کو معطل کرنے کا بھی حکم دیا۔