جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو کیسے سفاکی سے قتل کیا؟ پولیس نے کیس حل کر لیا (تصاویر)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ساؤتھ زون تفتیشی پولیس نے گذری تھانے کی حدود میں ہونے والے ایک سفاکانہ قتل کا معمہ حل کر لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیابان سعدی میں بنگلوں میں کام کرنے والی ایک ماسی عنصر بی بی 20 دن قبل لاپتا ہو گئی تھی، پولیس نے آخر کار یہ کیس حل کر لیا، معلوم ہوا کہ ماسی کو رکشہ ڈرائیور نے سفاکی سے قتل کر دیا تھا۔

ماسی عنصر بی بی کے قتل میں 2 افراد ملوث نکلے، پولیس نے رکشہ ڈرائیور فیاض کے ساتھ ایک خاتون نسیم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

- Advertisement -

پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کیے، معلوم ہوا کہ عنصر بی بی اور نسیم کی وٹہ سٹہ کی شادی تھی اور دونوں آپس میں بھابی تھیں، دونوں خواتین کے ایک ہی رکشے والے فیاض سے تعلقات بن گئے تھے۔

خاتون کے قاتل رکشہ ڈرائیور فیاض اور ماسی نسیم

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزم فیاض دونوں ماسیوں کو بنگلوں پر پک اینڈ ڈراپ دیتا تھا، نسیم کی فیاض سے ڈھائی سال سے دوستی تھی، پھر درمیان میں عنصر بی بی آ گئی، نسیم کو شک ہوا کہ 3 ماہ سے فیاض اور عنصر بی بی دوست بن گئے ہیں، جس پر نسیم نے فیاض کو عنصر سے دوستی ختم کرنے اور قتل کرنے کا کہا۔

تفتیش کے دوران نسیم نے کہا کہ اس نے فیاض سے کہا تھا کہ عنصر کی موت کا اسے تب یقین آئے گا جب تم اس کا خون اور کپڑے دکھاؤ گے۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم ابراہیم حیدری میں جائے واردات پر

پولیس کے مطابق قتل والے دن ملزم فیاض نے عنصر کو بنگلے سے اٹھایا، اور ابراہیم حیدری لے جا کر قتل کر دیا، اس کے بعد عنصر کی لاش 3 روز تک جھاڑیوں میں پڑی رہی، تین دن بعد رکشہ ڈرائیور فیاض نے لاش پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔

پولیس نے گرفتار ملزم کی نشان دہی پر آلہ قتل و دیگر سامان بھی برآمد کر لیا ہے، جائے وقوع سے عنصر کی چپل اور کپڑے بھی ملے۔واضح رہے کہ گذری پولیس کے تفتیشی افسر میر محمد لاشاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان تھک محنت کے بعد سفاکانہ قتل کے اس معمے کو حل کیا۔

عنصر بی بی کی گم شدگی کا کیس ان کے بھائی محمد سلیم نے تھانہ گذری ساؤتھ میں درج کروایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن کی شادی دس سال قبل ہوئی تھی اور وہ 3 بچوں کی ماں تھی۔

بھائی کے بیان کے مطابق 28 اکتوبر کو ایک بنگلے کے سی سی ٹی وی کیمروں میں عنصر بی بی کو ڈرائیور فیاض کے ساتھ جاتے دیکھا گیا تھا، انھوں نے دعویٰ کیا کہ فیاض نے ان کی شادی شدہ بہن کو ورغلایا تھا۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں