کراچی: شہر قائد کے علاقے مدینہ کالونی میں کرکٹ کھیلتے لڑکوں کو لوٹنے والے 2 ڈاکوؤں پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے انھیں گرفتار کر لیا، فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کراچی میں سچل پولیس اور لٹیروں میں مبینہ مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ، چھینے ہوئے موبائل فون، اور چوری کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزمان کی شناخت ولی جان اور اللہ نور کے نام سے ہوئی ہے، متاثرہ شہری نے بتایا ’’ہم ہفتے میں 2 سے 3 مرتبہ کرکٹ کھیلنے آتے ہیں، یہاں دیگر کھلاڑیوں کا انتظار کر رہے تھے کہ لٹیرے آ گئے، اور ہم سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔‘‘
شہری کا کہنا تھا کہ 2 منٹ کے بعد ہی گشت پر مامور پولیس پہنچ گئی، جن کا لٹیروں سے مقابلہ ہوا، شہری نے کہا ’’جس لٹیرے کو گولی لگی ہے، اس نے ہم پر اسلحہ بھی تانا تھا۔‘‘
ادھر کراچی کے علاقے ناظم آباد 4 نمبر ریلوے پھاٹک کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار ہو گئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت ابوبکر اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے، جن اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا بھی پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا، پولیس بیان کے مطابق ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔