جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر جوہر موڑ پر دھرنا، مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب 9 ماہ کی بچی کی موت اور اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری کے خلاف جوہر موڑ پر دھرنا جاری ہے، نشوا کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد نے جوہر موڑ پر دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر احتجاج میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت پر بااثر افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور انتظامیہ کو گرفتار کیا جائے۔

قیصر علی نے کہا کہ حکومتی شخصیت نے رابطہ کرکے مثبت پیش رفت کا اشارہ دیا ہے، چاہتے ہیں حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جائیں، غیررجسٹرڈ تمام اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

نشوہ کے والد کا کہنا تھا کہ پورے کراچی میں صرف پانچ اسپتال لائسنس ہولڈر ہیں، چاہتے ہیں کمیشن بنے جو غیررجسٹرڈ اسپتالوں سے باز پرس کرے تاکہ کسی اور کی بچی اس طرح دنیا سے رخصت نہ ہو۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک اور بچی جاں بحق، ڈاکٹر گرفتار

واضح رہے کہ آج بھی کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 8 سال کی بچی نجی کلینک میں ڈاکٹر عدنان کی جانب سے لگائے جانے والے غلط انجیکشن کے سبب انتقال کرگئی۔

پولیس نے ملزم ڈاکٹر عدنان کو گرفتار کرلیا، جہاں ملزم نے غلط انجیکشن لگانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے والد گزشتہ رات اس کو میرے کلینک لائے تھے انجیکشن لگانے کے بعد اس کی حالت مزید بگڑی تو میں نے کہا بڑے اسپتال لے جائیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ دارالصحت انتظامیہ کی جانب سے غلط انجیکشن لگنے کے سبب 9 ماہ کی بچی نشوہ مفلوج ہوگئی تھی جس کے بعد اسے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں