کراچی : سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ڈمپر نے میاں بیوی کو کچل دیا ، جاں بحق طارق صلاح الدین فزکس کے پروفیسر تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دندناتے تیز رفتار ڈمپر نے مزید دو جانیں نگل لیں ،سپرہائی وے جمالی پل کے قریب تیزرفتارڈمپرنے میاں بیوی کوکچل دیا،
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالوں میں عبداللہ کالج کے پروفیسرطارق صلاح الدین اوران کی اہلیہ شامل ہیں تاہم حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر سے اتر کر رکشے میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ڈمپرتحویل میں لے کرمفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے، متاثرہ فیملی اسکیم 33 سےعزیز آباد شفت ہورہی تھی، جاں بحق پروفیسر نے گھر کا سامان لوڈ کروا کر ٹرک بھجوا دیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ جاں بحق پروفیسر نے پسماندگان میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں، جاں بحق پروفیسر کا بڑا بیٹا آسٹریلیا اور چھوٹا جرمنی میں مقیم ہے۔
صوبائی وزیرضیا لنجار نے جمالی پل کےقریب ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی و ٹریفک ایس ایس پیز سےعلیحدہ علیحدہ تفصیلات طلب کرلی ہے۔
ضیالنجار کا کہنا تھا کہ حادثےکےمرتکب ڈرائیور کےخلاف کارروائی کی جائے، ٹریفک قوانین پر مشتمل جملہ اقدامات کوغیرجانبدار، مؤثربنایاجائے اور جاں بحق افرادکےاہلخانہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔