کراچی: ملک کی تینوں اسٹاک مارکیٹس آپس میں ضم، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کےقیام کےایم اُو یو پردستخط۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پوائنٹس کی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن اسلام آبادکے دفتر میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک مارکیٹس کے انضمام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئےوزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو عالمی معیار تک لے جائینگے۔
اسٹاک مارکیٹ کی ڈی میوچلائیزیشن کمیٹی کے سربراہ حاجی غنی عثمان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام سے شئیرز کے کاروبار میں شفافیت ،،نئی ٹیکنالوجی متعارف اور کاروباری حجم میں اضافہ ہوگا۔
ادھر جمعرات کو اس اہم ڈویلپمنٹ کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 424 پوائنٹس کی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی، کراچی اسٹاک مارکیٹ کے اہم ممبر عقیل کریم ڈھیڈھی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام کو اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔
بازار حصص میں سرمایہ کاری کرنے والے اور اسٹاک مارکیٹس کے لائسنس ہولڈرزکا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا قیام خوش آئند اور نئی بیرونی سرمایہ کاری کا سبب بنے گا۔