اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

کراچی جرائم پیشہ افراد کے نرغے میں، ڈکیتی اور قتل کی وارداتیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کو جرائم پیشہ افراد نے نرغے میں لے لیا ہے، پولیس کے دعوؤں کے برعکس وارداتوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ بدستور جاری ہے، شہریوں کے جان و مال دونوں محفوظ نہیں رہے۔

کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی اور فیوچر موڑ میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں، فیوچر موڑ کے قریب ڈاکو ایل پی جی کی دکان سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے، جب کہ ایڈمن سوسائٹی میں کار لفٹر گاڑی چوری کر کے لے گئے۔

اورنگی ٹاؤن میں شہری اور ڈاکو کے فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، گلشن معمار پولیس نے رہزنی میں ملوث 2 ملزم گرفتار کر لیے، جن سے رائفل، پستول اور نقدی برآمد ہوئی، ملزمان ناردرن بائی پاس کے کچے راستوں پر وارداتیں کرتے تھے۔

- Advertisement -

دوسری طرف ڈیفنس فیز ایٹ میں اتفاقیہ پستول چل جانے سے سیکیورٹی گارڈ امجد شاہ جاں بحق ہو گیا، جب کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

قائد آباد اور ایڈمن سوسائٹی

پولیس دعوؤں کے برعکس کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، قائدہ آباد میں ایل پی جی کی دکان کو لوٹ لیا گیا، ایڈمن سوسائٹی میں اسٹریٹ کریمنل گاڑی چوری کر کے فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں 2 مسلح ڈکیتوں نے ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں لوٹ مار کی واردات کی، مسلح افراد دکان میں موجود لوگوں سے رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

ایڈمن سوسائٹی میں بھی گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو چوری کر لیا گیا، دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مومن آباد فرنٹیئر موڑ

فائرنگ کا ایک واقعہ اورنگی ٹاؤن، مومن آباد فرنٹیئر موڑ کے قریب پیش آیا، پولیس کے مطابق مسلح افراد دوسرے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، اس دوران شہری اور ڈکیتوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر بزرگ شہری نصیب زرین جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کو موقع سے نائن ایم ایم گولیوں کے دو خول ملے ہیں، مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو کس کی گولیاں لگیں اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں