پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے پورے سندھ پولیس کو سخت ہدایت نامہ جاری کردیا گیا، ٹریفک قوانین کی پابندی اب صرف شہری نہیں پولیس افسران واہلکار بھی کریں گے۔

جس میں خلاف ورزی کرنے والے افسر و اہلکار کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں بات آئی ہے بہت سے پولیس افسران و اہلکار ٹریفک قوانین پرعمل نہیں کرتے، سندھ پولیس کے تمام ممبران ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں، کوئی بھی پولیس افسر،اہلکار کسی بھی قیمت پر ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی نہ کرے۔

غلام بنی میمن کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے پولیس افسران،اہلکار ہمیشہ ہیلمٹ پہنیں ساتھ ہی تمام پولیس افسران اہلکار اپنی سرکاری اور نجی گاڑیوں پراصل نمبر پلیٹس لگائیں۔

ہدایت نامے میں کہا ہے کہ کسی افسر اہلکار کی پرائیویٹ گاڑیوں پرٹنٹڈ شیشے، فلیش لائٹس، ہوٹر نہیں ہونا چاہیے، کوئی بھی پولیس افسریا اہلکار لین ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کرے، جس کے پاس درست لائسنس نہ ہو اسےگاڑی چلانے کی اجازت نہیں۔

تمام سینئر کمانڈ، حتیٰ کہ ایس ایچ او کے عہدے تک کو ہدایت جاری کردی گئی، جس میں کہا کہ اپنے انڈر کمانڈ کو آئی جی پی کی اس ہدایات کے بارے میں بریف کریں۔

ڈی آئی جی پی ٹریفک کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر حکم دیا کہ پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں، بریف کرنے میں ناکامی پر سینئیر کمانڈ کے خلاف ڈسپلنری کارروائی ہوگی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرصرف ڈسپلنری ایکشن نہیں بلکہ مقدمہ بھی درج ہوگا۔

ہدایت نامہ پورے سندھ کے ایڈیشنل آئی جیز سے لے کر ایس ایچ اوز تک کو ارسال کردیا گیا ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں