بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: رات سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارش نے بیش تر کراچی کو ڈبو دیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر سونے چلی گئی ہے اور شہری راہ تکتے رہ گئے، ضلع جنوبی میں سیلاب کے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، بعض علاقوں کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے، شہر کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر غائب ہو گئی ہے، 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق جب کہ دو افراد ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

شہر میں سیوریج کا نظام بیٹھ گیا ہے، شاہراہوں پر آلائشیں تیر رہی ہیں، سندھ حکومت کے نکاسئ آب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انڈر پاسز پانی سے بھر چکے ہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، جگہ جگہ گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

- Advertisement -

سپر ہائی وے اور کورنگی کاز وے زیر آب آ چکا، ایم نائن کے ایک ٹریک پر دو طرفہ ٹریفک چل رہی ہے، سندھ اسمبلی کے اطراف ندی کا منظر ہے جب صدر کی سڑکیں گھٹنوں گھٹنوں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔

نظر یار محمدگوٹھ، عباس ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے نقل مکانی کر لی ہے، قائد آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث مکینوں کی نقل مکانی کرنی پڑی۔

کراچی میں دنبہ گوٹھ کے مقام پر 2 افراد ریلے میں بہہ گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے، گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، شناخت آصف اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، کورنگی بلال کالونی میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے چل بسا۔

ایم نائن موٹر وے کراچی سے حیدر آباد جانے والا راستہ ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے باعث بند ہو گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ اور عملہ سیکریٹری فنانس سید شجاعت حسین سمیت دیگر افسران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موسلا دھار بارش کے باعث سب میرین انڈر پاس بند کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میں پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو بوٹ بسن کی طرف سے بولیورڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

کے پی ٹی اندر پاس، تین تلوار، دو تلوار کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے، انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو پل کے اوپر سے چلایا جا رہا ہے۔

قائد آباد کے مقام پر ملیر ندی میں سکھن نالے کی جانب سے سیلابی ریلے کے پیش نظر یار محمد گوٹھ، عباس ٹاؤن و ملحقہ آبادیوں کے مکین اپنے گھروں سے نقل مکانی کر کے ملیر بند پر چڑھ گئے ہیں، مکینوں میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔

سول سوسائٹی اور ریسکیو اداروں نے نقل مکانی کرنے والوں کو گورنمنٹ اسکول میں شفٹ کر دیا، دیگر افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، رینجر ڈی ایم سی اور دیگر ریسکیو ادراے عوام کو محفوظ مقام پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں