کراچی: سعود آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلرز اعجاز عرف کالا منا اور دلشاد عرف شجو نے اہم انکشافات کئے جبکہ انٹیروگیشن رپورٹ اے آر وائے نیوز نے حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے سعودآباد پولیس نے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا، تفتیش کے دوران گرفتار ٹارگٹ کلرز اعجاز عرف کالا منا اور دلشاد عرف شجو نے اہم انکشافات کئے۔
انٹیروگیشن رپورٹ کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، اعجاز عرف کالا منا 78 سے زائد قتل کی وارداتیں کرچکا ہے، ملزم نے 1986 میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی اور 2016 تک کارکن رہا، ملزم جبری بھتہ خوری، پلاٹوں پر قبضے جلاو گھیراو اور فائرنگ میں ملوث رہا۔
کالا منا نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ایوب خالو پولیس سے سیٹنگ کرتا اور ہم علاقے میں آزادانہ لوٹ مار کرتے، لسانی بنیاد پر ایم کیو ایم حقیقی کے درجن سے زائد کارکن قتل کیے، کورنگی ڈی ایریا میں ایک لڑکا اچھا نہیں لگتا تھا، اس کو گولیاں مار کر قتل کیا۔
انٹیروگیشن رپورٹ کے مطابق دلشاد عرف شجو 13 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے، دلشاد عرف شجو حکیم سعید ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہے، ملزم خطرناک ٹارگٹ کلر ہے، متعدد جے آئی ٹیز میں نام شامل ہے، ملزم فیکٹری مالکان، کیبل آپریٹرز اور دکانداروں سے جبری بھتہ وصول کرتا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم زبردستی پلاٹوں پر قبضہ کرتا اور انہیں زمان ٹاون تھانے بلا کر پولیس سے زدوکوب کرواتا، زمان ٹاون تھانے میں لاشاری اور دیگر اہلکاروں سے دلشاد کی سیٹنگ تھی، پارٹی مخالفت اور دیگر وجوہات پر حقیقی کارکنان سمیت 13 سے زائد قتل کیے۔
اشتہار