تازہ ترین

کراچی کے تاجروں کا جمعہ کو مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کا اعلان

کراچی: کراچی کے تاجروں نے سندھ حکومت کے احکامات نظر انداز کرتے ہوئے جمعہ کو مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں دکانیں 6 بجے بند کرنے کا اعلان مسترد کرتے ہیں۔

تاجر رہنما جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ دکانیں 8 بجے ہی بند کریں گے، ہم کل جمعہ کو کسی صورت کاروبار بند نہیں کریں گے۔

جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ اگر زور زبردستی کی گئی تو ہم دھرنا دیں گے۔

صدر آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ ہمیں حکومت کی پالیسیاں منظور نہیں، کراچی میں ٹریفک کی سنگین صورت حال ہے، محدود وقت کی وجہ سے صورت حال مزید سنگین ہوجاتی ہے، خدارا ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کریں۔

عتیق میر نے کہا کہ کورونا بحران میں حکومت کا ساتھ دینا چاہتے ہیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، تین دن کا وقت دے رہے ہیں فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج ہوگا۔

دوسری جانب تاجر رہنما ناصر ترک کا کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے رہے ہیں، مطالبات نہ مانے تو شٹر ڈاؤن ہوگا، پورے کراچی اور سندھ کا تاجر سڑکوں پر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت کی جانب سے مارکیٹیں اور دکانیں 6 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مارکیٹیں جمعہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

Comments

- Advertisement -