کراچی: شہر قائد میں تاجر رہنماؤں نے کل سے مارکیٹیں اور صنعتی مراکز کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے تاجر رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کل سے مارکیٹیں کھولنے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ حکومت کل سے کراچی میں مارکیٹیں اور صنعتی مراکز کھولنے کا اعلان کرے، حکومت سندھ تاجروں سے مذاکرات میں ایس او پیز پر اتفاق کرچکی ہے لیکن عمل نہیں کررہی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل فائیو اسٹار چورنگی پر ساڑھے 3 بجے تاجر برادری کے ہمراہ مظاہرہ ہوگا، 7 مئی کو ادارہ نور حق میں تاجروں کا نمائندہ کنونشن ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ’ہمیں وفاق نہیں، بھوک اکسا رہی ہے‘ : چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد
انہوں نے کہا کہ احتجاج پر امن اور ایس او پی کے مطابق ہوگا، احتجاج جمہوری حق ہے، لاہور اور کراچی میں ایک ہی کرونا ہے لیکن لاہور میں کاروبار کھلا اور کراچی میں بند ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو کاروبار کھولنے سے متعلق واضح پالیسی فراہم کرے۔
تاجر رہنما محمود حامد کا کہنا تھا کہ آن لائن کاروبار کی صورت میں تاجروں کو لالی پاپ دیا گیا ہے، تاجروں کی گرفتاریوں کو بند کیا جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاق نہیں بھوک اکسا رہی ہے، اگر لاک ڈاؤن کے معاملے میں سندھ حکومت مایوس کرے گی تو ہم ہر وہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے جہاں سے انصاف کی امید ہوگی۔