اشتہار

کراچی میں‌ ٹرام سروس کی بندش

اشتہار

حیرت انگیز

یہ 1975ء کی بات ہے جب ٹراموے کمپنی کی وہ سروس بند کردی گئی جس کا مقصد کراچی کے شہریوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ شہر میں ٹرام سروس کو 90 سال مکمل ہوچکے تھے اور اس لحاظ سے 30 اپریل ایک تاریخی دن تھا جب اس کی بندش کا اعلان کیا گیا اور ٹرامیں ماضی کا حصّہ بن گئیں۔

معمر شہریوں سے اگر کراچی کی اہم سڑکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے بارے میں دریافت کریں تو وہ “ٹرام” کا ذکر ضرور کریں گے جس کا سفر شاید انھوں نے خود بھی کیا ہو۔ دہائیوں قبل اندرونِ شہر اور مرکزی راستوں پر آمد و رفت کے لیے سائیکل رکشا اور گھوڑا گاڑی کے بعد ٹرام ایک بڑی اور آرام دہ سواری تھی جسے آج ہی کے دن ختم کر دیا گیا تھا۔

- Advertisement -

کراچی میں ٹرام منصوبے پر 1883ء میں‌ اُس زمانے کے میونسپل سیکریٹری جیمز اسٹریچن نے کام کا آغاز کیا تھا، جو ایک انجینئر اور آرکیٹکٹ بھی تھے۔ ٹرام کے لیے لائنیں بچھانے کا کام ایک برس کی مدّت میں اکتوبر 1884ء میں مکمل ہوگیا اور اس کے اگلے برس اپریل ہی کے مہینے میں کراچی کے شہریوں کو ٹرام میں‌ سفر کی سہولت میسّر آگئی۔ 20 اپریل سے کراچی میں پہلی بار ٹرام اپنے ٹریک پر چلنے لگی۔

بھاپ کے انجن کی وجہ سے شہر کی فضا آلودہ اور شور پیدا ہونے کی شکایات کے بعد چھوٹی اور ہلکی ٹرامیں متعارف کرائی گئیں جنھیں گھوڑے کھینچتے تھے، لیکن بعد میں‌ ان کو ہٹا کر ڈیزل سے چلنے والی ٹرامیں‌ متعارف کروا دی گئیں۔

یہ ٹرامیں ایسٹ انڈیا ٹراموے کمپنی کی ملکیت تھیں جنھیں قیامِ پاکستان کے بعد ایک کاروباری شخصیت نے خرید لیا تھا اور شہریوں کو سفر کی سہولت فراہم کی جاتی رہی۔

20 اپریل 1885ء کو ٹرام کے افتتاح کے موقع پر اُس وقت کے سندھ کے کمشنر مسٹر ہنری نیپئر بی ارسکن بھی مسافر کی حیثیت سے اس میں‌ سوار تھے۔ کراچی میں دو منزلہ ٹرامیں بھی چلائی گئیں تاہم یہ سلسلہ زیادہ عرصہ جاری نہیں‌ رہ سکا۔ شہر میں ٹراموے نظام کا مرکز صدر میں ایڈولجی ڈنشا ڈسپنسری تھی۔ اس مقام سے مختلف روٹس کے لیے ٹرامیں‌ روانہ ہوتی تھیں جن کے ذریعے شہری گاندھی گارڈن، بولٹن مارکیٹ اور کینٹ ریلوے اسٹیشن تک سفر کرتے تھے۔

شہر میں اپنے ٹریک پر رواں دواں یہ ٹرامیں مختلف کاروباری اداروں کی مصنوعات کی بامعاوضہ تشہیر کا بھی بڑا ذریعہ تھیں۔ ان پر مختلف پروڈکٹس کے بورڈ نمایاں کیے جاتے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں